9 مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران ہی ہے اس کی اپنی آواز میں ایسی شہادتیں موجود، وفاقی وزیر داخلہ

08 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کا منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ عمران خان ہی ہے، اس کی اپنی آواز میں ایسی شہادتیں موجود ہیں جنھیں عدالت میں پیش کیا تو کہنا پڑے گا کہ ان کی سماعت ان کیمرہ کی جائے۔ پی ٹی آئی کی دوسرے اور تیسرے درجے کی قیادت کے کچھ لوگ ان واقعات میں شد و مد سے شامل تھے، باقی گزارے لائق تھے اور انکار کی طاقت نہیں رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کا آرکیٹکٹ اور ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ آرمی چیف کے الفاظ سے سنجیدگی اور غصہ نظر آتا ہے، فوجی صفوں میں نو مئی کو پاکستان کا نائن الیون سمجھا جاتا ہے، سینئر تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کیلئے مشکلات بتدریج بڑھ رہی ہیں، فارمیشن کمانڈر کانفرنس کا اعلامیہ خلاف توقع نہیں تھا، کانفرنس میں نو مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ اور پس پردہ لوگوں کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے پوچھنا چاہئے نو مئی کے آرکیٹیکٹ آپ نہیں تو کون ہے،پچھلے دس سال سے کون ریاست کے خلاف سول نافرمانی تحریک کی کوشش کررہا ہے، کس نے 2014ء میں تھانوں پر حملے کر کے ملزمان کو چھڑایا تھا، کون افسروں کو سرعام پھانسی دینے کی باتیں کرتا تھا، کس نے اس وقت سرکاری ٹی وی پر حملہ کیا تھا، اس وقت پارلیمنٹ کو بھی ریاست کی علامات سمجھ لیا جاتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، اس شخص نے ایک سال زمان پارک میں منصوبہ بندی کی اس کے ثبوت موجود ہیں، اس شخص نے زمان پارک میں بیٹھ کر سازش تیار کی، ان لوگوں کے تانے بانے پاکستان دشمن غیرملکی قوتوں کے ساتھ ملتے ہیں، ان کے تمام فساد کا نشانہ پاکستان کا نمبر ون دفاعی ادارہ تھا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ نو مئی کو کسی جگہ ہجوم نہیں تھا ہر جگہ دو چار سو لوگ تھے، یہ کوئی ہجوم نہیں گنے چنے لوگ تھے جن کی باقاعدہ کلاسیں لی گئی تھیں، ان چند لوگوں کو زمان پارک میں پٹرول بم بنانے اور غلیلیں چلانے کی تربیت دی گئی، ایک ہی وقت میں ایک ہی سمت ایک طرح کا احتجاج کیا اشارہ کرتا ہے، یہ لوگ کسی بلڈنگ کی طرف نہیں گئے دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہوئے، یہ شخص کہتا تھا اس کی گرفتاری ریڈ لائن ہے، یہ شخص اشاروں کنایوں میں اس طرح کے ردعمل کی باتیں کرتا رہا،یہ شخص کہتا تھا اس کو گرفتار کیا گیا تو ریاست کو تہس نہس کردے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9مئی کا آرکیٹکٹ اور ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی ہے، معلومات کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں یہ سب عمران خان کی اپنی آواز میں موجود ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ایسی گفتگو موجود ہے جو شاید عدالت کو بھی کہنا پڑے کہ ان کیمرہ کریں، شہداء کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں نے جو گھٹیا گفتگو کی وہ سننے کے قابل نہیں ہے، کچھ لوگ اس معاملہ میں شدومد سے شامل تھے باقی انکار کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے تھے، فیاض الحسن چوہان نے پارٹی چھوڑتے ہوئے اپنا مقدمہ پیش کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف جارحیت کرنے والے اور احتجاج میں تشدد کرنے والے میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے، پی ٹی آئی دفاعی اداروں پر حملہ آور ہوئی یہ سرکشی اور بغاوت ہے، یہ کہتے ہیں ان کے ساتھ سیاسی ورکر کے طور پر برتاؤ کیا جائے ایسا نہیں ہوگا،کور کمانڈر ہاؤس میں گھس کر لوٹ مار، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، حساس انفارمیشن ضائع کی گئی یا اٹھا لے گئے اسے سیاسی احتجاج کیسے کہہ سکتے ہیں۔