ملکی تاریخ میں پہلی بار روسی آئل آئندہ ہفتے پورٹ قاسم پہنچے گا

08 جون ، 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ملکی تاریخ میں پہلی بار روسی آئل آئندہ ہفتے پورٹ قاسم پہنچے گا یک لاکھ بیرل کروڈ آئل روس نے دیگر ذرائع کے مقابلے میں 30فیصد کم قیمت پر بھجوایا ہے ایک لاکھ بیرل روسی کروڈ آئل کی پہلی ادائیگی ڈالر کی بجائے کسی متفقہ کرنسی میں کرنے پر اتفاق ہو گیا روس کے چار روزہ دورے پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں جانے والے پاکستانی سینٹ کے وفد نے روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نووک کے ساتھ اہم مذاکرات کئے۔ مذاکرات میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی معاونت سینٹر نذہت صادق‘ سنیٹر عبدالغفور حیدری‘ سنیٹر عبدالقادر‘ سنیٹر روبینہ خالد‘ سنیٹر دلاور خان‘ سنیٹر منظور احمد اور پاکستانی سفیر متعینہ ماسکو شفقت علی خان نے کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان مال کے بدلے مال (بارٹر ٹریڈ) میں اضافے کے متعلق غور کیا گیا۔ روس نے پہلی بار ایک لاکھ بیرل کروڈ آئل خصوصی تیل بردار جہاز کے ذریعے سلطنت عمان کی بندرگاہ پہنچا دیا ہے جہاں سے روس کا کروڈ آئل آئندہ ایک ہفتے میں پاکستان پہنچ رہا ہے۔ یہ کروڈ آئل پاکستان کی ریفائنریز میں صاف ہو گا اور اس سے پٹرول اور دیگر مصنوعات پاکستان کو ملیں گی جو دوسرے ملکوں کے کروڈ آئل کے مقابلے میں 30فیصد سستی ہونگی۔ بدھ کو ہونے والے مذاکرات کے دوران تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ادارہ جاتی تعاون سمیت تجارت‘ سرمایہ کاری‘ توانائی‘ دفاع‘ ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دونوں وفود کے سربراہان نے پاک روس تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور امن و استحکام کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس بارے میں جب پاکستان پٹرولیم ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل یاسر رضا چوہدری سے رابطہ قائم کیا گیا تو اُنہوں نے بتایا کہ روسی کروڈ آئل سے پاکستانی ریفائنریز میں پٹرول‘ ڈیزل‘ کیروسین آئل‘ جیٹ فیول (جے پی 8)‘ ہائی اوکٹین‘ فرنس آئل‘ بچومن (تارکول) وغیرہ بنا کرینگے۔ یاسر رضا چوہدری نے کہا کہ روسی کروڈ آئل لانے والا بحری جہاز ایل سی کی کنفرمیشن کے بعد بحری جہاز پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے روس سے دسمبر 2022ء میں گندم خریدی تھی‘ جس کی ادائیگی پاکستان کر چکا ہے۔