بشریٰ بی بی کا برطانیہ کی ایجنسی کیساتھ تصفیے پر لاعلمی کا اظہار

08 جون ، 2023

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار ،خبرنگار) چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کے جاری کردہ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے تصفیہ کے بارے میں معلومات نہیں، شامل تفتیش کرنے کیلئے ٹھوس مواد مہیا کریں،باپردہ خاتون ہوں ،آج شوہرکیساتھ پیش ہوں گی،بشریٰ بی بی نیب میں پیش نہیں ہوئیں مگر انہوں نے اپنا جواب جمع کروا دیا، جس میں کہا گیا کہ باپردہ خاتون ہوں شوہر کے ساتھ 8 جون ہی پیش ہوںگی، جبکہ نیب راولپنڈی انہیں 13 جون کو طلبی کا نیا نوٹس بھیج چکا ہے،بشریٰ بی بی کے جواب میں کہا گیاہے کہ میری نیب طلبی کی تاریخ والے دن ہی آپ نے میرے شوہر کو بھی طلب کر رکھا تھا ، میرے شوہر نے اپکو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد کی عدالتوں میں 8 جون کو پیش ہوں گے اور نیب میں بھی پیشی ہوگی۔ باپردہ خاتون ہوں ، گزشتہ سماعت پر اسلام آباد اپنے شوہر کے ہمراہ آئی تھی۔آٹھ جون کو بھی اپنے شوہر کے ہمراہ نیب میں پیش ہوں گی، اپنے جواب میں بشری بی بی نے لکھا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم مطابق آپ شامل تفتیش کرنے کیلئے ٹھوس مواد مہیا کریں۔ مجھے نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق کوئی معلومات نہیں، 458 کنال زمین، 285 ملین روپے ، بلڈنگ و دیگر ڈونیشنز بی ٹی ایل نے القادر ٹرسٹ کو ڈونیشن ایگریمنٹ کے تحت دیں ، بی ٹی ایل کی جانب سے القادر ٹرسٹ کو یہ ڈونیشن 24 مارچ 2021 کو دی گئی ،ڈونیشن دستاویز کی کاپی القادر ٹرسٹ کے چیف فنانشل افسر ، سی آئی ٹی کو 23 مئی 2023 کو فراہم کر چکے ہیں۔ القادر یونیورسٹی ایک ٹرسٹ ہے جس سے کسی شخص یا اسکے ٹرسٹیز کو کوئی فائدہ نہیں، جو دستاویزات مانگی گئی ہیں وہ القادر ٹرسٹ کے چیف فنانشل افسر کے پاس ہیں۔جواب میں بشریٰ بی بی نے کہا ہے القادر ٹرسٹ کی تمام چیزوں کو سیکرٹری دیکھتے ہیں، اس کے باوجود میرا بیان 8 جون کو ریکارڈ کر لیا جائے۔