وزیرخزانہ اسحاق ڈار کل قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ پیش کرینگے

08 جون ، 2023

اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) آئندہ مالی سال 2023 -24کا وفاقی بجٹ کل جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ، ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمینکی تنخواہوں اور پنشن میں 15سے 20فیصداضافے کا امکان ہے، قومی ترقیاتی بجٹ کا ہدف 2709 ارب روپے مقرر کیا جائیگا، وفاقی ترقیاتی پروگرام کا ہدف 1150ارب روپے مقرر کیا جائے گااور صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1559ارب روپے مختص کیا جائیگا، وفاقی ترقیاتی پروگرام کے 1150ارب روپے میں سے 950ارب روپے پی ایس ڈی پی اور 200ارب روپے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختص کیے جائینگے، قرضوں کی ادائیگی کےلیے 7300ارب روپے رکھے جائینگے ، وفاقی بجٹ میں 9200ارب روپے کا ٹیکس ریونیو ہدف اور 2800ارب روپے نان ٹیکس ریونیو ہدف مقررکیاجائیگا، آئندہ مالی سال کےلیے اقتصادی شرح نمو کا ہدف 3.5فیصد اور مہنگائی کی شرح تخمینہ 21فیصد لگایا گیا ہے،بجٹ میں ملکی برآمدات کا ہدف 30 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے اور درآمدات کا تخمینہ 58 ارب 70 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے جب کہ اگلے مالی سال تجارتی خسارہ 28 ارب 70 کروڑ ڈالر ہوگا۔