عمران خان کی آج ممکنہ پیشی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکیورٹی کیلئے سرکلر جاری کر دیا

08 جون ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے محسن شاہنواز رانجھا پر حملہ اور اداروں کے خلاف بیان پر درج مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آج 8 جون کو ممکنہ پیشی کے پیش نظرسیکورٹی سے متعلق سرکلر جاری کر دیا ۔ رجسٹرار ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سرکلرمیں آئی جی اور ضلعی انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورٹ روم نمبر 1 میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہو گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین ، عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہونگے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ 15 وکلاء ،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلا ء، اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30 ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہو گی،انتظامیہ کو خصوصی پاس اور ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہونے والوں کو احاطہ عدالت سے نہ روکا جائے۔ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کو کمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہو گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی دو کیسوں میں عبوری ضمانت پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گی۔