عید پر 6مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ ، شہری علاقوں میں پابندی ہوگی

08 جون ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عید الاضحی کے حوالے سے مویشی منڈیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے ضلع ملتان میں 6 مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی جہاں شہریوں کو تمام سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور کیٹل منیجمنٹ کمپنی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں عید قربان کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماڈل کیٹل کمپنی کی جانب سے جسونت نگر میں2 منڈیاں اور میونسپل کارپوریشن بھی فاطمہ جناح اور متی تل میں 2 سیل پوائنٹس لگائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلالپور پیر والہ اور شجاع آباد میں بھی سیل پوائنٹس قائم کئے جائیں گے جبکہ شہری علاقوں میں مویشی فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ،سیکورٹی اور پانی و صفائی کا مثالی انتظام ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ ضلعی محکمے عید قربان سے قبل تمام انتظامات فول پروف بنائیں۔