طبی عملےکی سکیورٹی ترجیح،وزیراعلیٰ کو تحفظات سے آگاہ کردیا: سیکرٹری ہیلتھ

08 جون ، 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ہیلتھ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب رانا افضل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کیلئے سکیورٹی بل کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت اور وزیراعلی کو تحفظات سے آگاہ کردیاہے ہسپتالوں میں کام کرنے والے طبی عملہ کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے اور یہ طبی عملے کا حق ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایم اے جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر پی ایم اے کے وفد نے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی قیادت میں سیکرٹری ہیلتھ کو سرکاری ہسپتالوں میں سکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تحفظ کا احساس ہو گا تو ہی وہ بہتر طریقہ سے مریضوں کی خدمت کر سکیں گے سکیورٹی بل جلد از جلد آرڈینس کی صورت میں منظور کروایا جائے تاکہ ہسپتالوں میں جاری ہڑتال کو ختم کیا جا سکے، ہسپتالوں میں ہڑتال کر کے کسی ڈاکٹر کو خوشی نہیں ہوتی لیکن اپنی کمیونٹی کو پر تشدد ماحول میں ڈیوٹی پر مجبور نہیں کر سکتے ،ڈاکٹرز نے مزید مطالبہ کیا کہ ہسپتالوں میں موجودہ سیکورٹی سسٹم کو ہنگامی بنیا دوں پر اپ گریڈ کریں تاکہ کہیں بھی ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو ،وفد میں ڈاکٹر سعد اللہ ملک ،ڈاکٹر مقبول عالم ،ڈاکٹر زاہد خان ،ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر ڈاکٹر مرتضی بلوچ ڈاکٹر وقار نیازی ،ڈاکٹر انجم بلوچ ،ڈاکٹر یوسف لغاری ،ڈاکٹر محبوب قادر سمیت دیگر موجود تھے۔