پنجاب کے تمام بڑے تاجر اکٹھا ہوجائیں تو سرمایہ کاری کی ضمانت دیتا ہوں، زرداری

08 جون ، 2023

لاہور(اے پی پی)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کے بڑے بزنس مین اکٹھے ہوجائیں‘میں سرمایہ کاری کی گارنٹی دیتا ہوں، پاکستان میں اب بھی آگے بڑھنے کی صلاحیت ہے‘ مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی ‘انتخابات میں جنوبی پنجاب کا معرکہ اس دفعہ ہم جیتیں گے ۔ بدھ کے روز یہاں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور میں چارٹر آف اکانومی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ پہلے لوگوں کو امیر کرو، پھر ٹیکس لگاؤ‘معیشت کی بہتری ہماری آنے والی نسلوں کیلئے ضروری ہے‘ ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کی ضرورت ہے۔سابق صدر نے کہا کہ 70 سال سے گوادر ہے، کسی کو نظر نہیں آرہا تھا، معیشت پانچ، دس سال کیلئے نہیں نسلوں کیلئے بنانی پڑتی ہے‘میثاق معیشت پر بات کرنے کی ضرورت ہے ۔