بیجنگ، چین، پاکستان اور ایران کا انسداد دہشت گردی اجلاس

08 جون ، 2023

بیجنگ(جنگ نیوز)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ چین، پاکستان اور ایران نے بیجنگ میں انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنا پہلا سہ فریقی اجلاس منعقد کیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے تینوں ممالک کے وفود نے علاقائی سلامتی سے کی صورتحال بالخصوص خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اجلاس کے دوران کی گئی مشاورت کی بنیاد پر تینوں ممالک نے انسداد دہشت گردی اور سلامتی سے متعلق سہ فریقی مشاورت کو ادارہ جاتی شکل دینے کا فیصلہ کیا جس کی مزید تفصیلات پر کام کیا جائے گا۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ تینوں ممالک نے علاقائی انسداد دہشت گردی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اجلاس کو مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔تحریر جاری ہے‎دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں انسداد دہشت گردی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالحمید نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جب کہ چینی وفد کی سربراہی چینی وزارت خارجہ کے شعبہ خارجہ سیکیورٹی امور کے ڈائریکٹر جنرل نے کی اور ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ کے معاون سید رسول موسوی کر رہے تھے۔دفتر خارجہ نے کہا کہ عبدالحمید اور سید رسول موسوی نے چین کے معاون وزیر خارجہ نونگ رونگ سے بھی ملاقات کی۔گزشتہ ماہ پاکستان نے اسلام آباد میں چین اور افغانستان کے ساتھ بھی سہ فریقی مذاکرات کیے تھے۔مئی میں ہونے والے پانچویں سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، ان کے چینی اور افغان ہم منصبوں کن گینگ اور مولوی امیر خان متقی نے بالترتیب باہمی دلچسپی کے امور پر نتیجہ خیز بات چیت کی تھی جس میں سیاس، تجارت اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر اہم امور شامل تھے۔