امریکی حکام کو معروف ڈیزائنر سے ملنے کی اجازت

08 جون ، 2023

لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ داخلہ پنجاب نے امریکی حکام کو جناح ہاؤس پر حملے میں ملوث پی ٹی آئی کی رکن اور پاکستانی نثراد امریکی شہری اور معروف ڈیزائنر خدیجہ شاہ سے ملنے کی اجازت دے دی ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ کہ امریکی قونصلیٹ لاہور کے حکام کو وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری احکامات کے بعد خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکی حکام آج 11بجے کوٹ لکھپت جیل میں خدیجہ شاہ سے ملاقات کریں گے جو خفیہ ایجنسی سپیشل برانچ اور جیل حکام کی موجودگی میں کرائی جائیگی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے امریکی حکومت کی طرف سے خدیجہ سلمان شاہ تک قونصلر رسائی کی درخواست موصول ہونے کے بعد این او سی جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو احکامات جاری کئے وزارت داخلہ کوامریکی قونصلیٹ کے حکام کے امریکی شہری خدیجہ شاہ سے ملنے میں کوئی اعتراض نہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ نے آئی جیل خانہ جات پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو بھی اس حوالے سے جاری احکامات سے آگاہ کر دیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ خدیجہ شاہ کے کیس کو فالوکررہے ہیں۔