سندھ میں ڈاکو راج، کراچی کو ٹھیکے پر چلایا جارہا ہے، ارکان سندھ اسمبلی، 2 ماہ سے صورتحال بہتر، صوبائی وزراء

08 جون ، 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں توجہ دلاؤ ٹونسز پر جی ڈی اے ، ایم کیو ایم اور ایم ایم اے کے ارکان نے کہا کہ لگتا ہے سندھ میں ڈاکو راج ہے اور کراچی کو ٹھیکے پر چلایا جارہا ہے جبکہ صوبائی وزراء نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن جاری ہے ، دو ماہ سے صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے ۔ بدھ کے اجلاس ارکان کی جانب سے مختلف توجہ دلاؤ نوٹس پیش کئے گئے جن میں عوامی اہمیت کے حامل معاملات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ نند کمار کوکلانی نے اپنے توجہ دلاؤنوٹس میں کہا کہ سندھ میں لوگ اغوا ہورہے ہیں ان میں کون ملوث ہے۔روزانہ لوگوں کو اغوا کیا جارہا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ گویاسندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے۔اس وقت بھی 40 لوگ اغواءہیں۔رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ لوگ خوف کی وجہ سے گھروں سے نہیں نکل پارہے۔صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے توجہ دلاؤ ںوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی بھرپور کوشش کررہی ہے ،ایک لہر آتی ہے کرائم بڑھ جاتے ہیں، ہمارے علاقے میں آپریشن جاری ہے اوردو ماہ سے صورتحال کافی بہتر ہوگئی ہے ۔ ایم کیو ایم کی رعنا انصار نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا کہ گرمی کی شدت اس وقت بڑھ رہی ہے، اس صورتحال کے باوجود کوئی نئے درخت نہیں لگائے گئے۔ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے لوگ متاثر ہورہے ہیں مگر حکومت کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔صوبائی وزیر اسماعیل راہونے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم کافی عرصے سے موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہیں اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔ہم لوکل سطح پر بھی ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ہم پہلے بھی الرٹ جاری کر چکے ہیں ۔اس سال ہوسکتا ہے بارشیں کم ہوں۔ہمیں خشک سالی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے ہم نے الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے اپنے توجہ دلاؤ نوٹس میں نشاندہی کی کہ ٹریفک پولیس نے کراچی کے شہریوں کو پریشان کیا ہوا ہے۔شہر میں پارکنگ کا ٹھیکیداری کا نظام چل رہا ہے سول اسپتال اور دیگر مقامات سے موٹر سائیکل اٹھائی جارہی ہیں۔ایسا لگتا ہے شہر کراچی کو ٹھیکے پر چلایا جارہا ہے ۔