ای سی سی اجلاس، 27 ارب 88 کروڑ روپے کی مختلف ضمنی گرانٹس کی منظوری

08 جون ، 2023

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27ارب88کروڑر وپے کی مختلف ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی ،رہائشی اسکیموں کیلئے 14ارب ،پنجاب ،کےپی میں ترقیاتی منصوبوں کی مد میں وزارت توانائی کیلئے ایک ارب 77کروڑ سے زائد منظور کرلئے، کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں رواں مالی سال کیلئے ایس اے پی کے تحت گھروں کی تعمیر کیلئے پنجاب ترقیاتی سکیم کیلئے وزارت ہاؤسنگ کو ایک ارب روپے ، رہائشی سکیموں کی تعمیر کیلئے 14ارب 80کروڑ 23لاکھ 20ہزار روپے، وزارت ہاؤسنگ کے 15ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب20کروڑ90لاکھ روپے ، پائیدار ترقی اہداف کے حصول کے پروگرام کے تحت کابینہ ڈویژن کیلئے 5ارب روپے ، رواں مالی سال میں پی ایس ڈی پی کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کی مد میں وزارت توانائی کیلئے ایک ارب 77کروڑ30لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی۔