14 ہزار 500 ارب روپے حجم کا بجٹ آج تنخواہوں، پنشن اور کم از کم اجرت میں اضافہ ہوگا

09 جون ، 2023

اسلام آباد(تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر ) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال 2023-24کا وفاقی بجٹ اور فنانس بل آج قومی اسمبلی میں پیش کرے گی ، 14ہزار500ارب روپے حجم کا بجٹ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیش کریں گے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20فیصد اضافہ کرنے اور کم سے کم اجرت میں ا ضافے کا امکان ہے ،آئندہ مالی سال 9200ارب روپے کا ٹیکس ریونیو ہدف مقرر کیے جانے کا بھی امکان ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مالی خسارہ 7.7 فیصد رکھے جانےکا امکان ہے، نان ٹیکس آمدن کی مد میں 2800ارب روپےکا ہدف مقرر کیے جانے کی تجویز ہے، ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سبسڈی کا حجم 1300ارب روپے تجویز کیا گیا ہے، سب سےزیادہ سبسڈی پاور کے شعبے کیلئے رکھی جا رہی ہے جو 976 ارب روپے ہوگی، قرض اور سود کی ادائیگیوں کیلئے 7300ارب روپے مختص کیے جانےکی تجویز ہے، آئندہ بجٹ میں دفاع کیلئے 1800ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 430 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، اگلے مالی سال کیلئے مجموعی طور پر2709ارب روپےکا قومی ترقیاتی بجٹ ہوگا، وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1150ارب روپے مختص کیا گیا ہےبجٹ میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60روپے فی لیٹرکرنےکی تجویز ہے، پی ڈِی ایل سے 870ارب روپے حاصل ہونےکا تخمینہ ہے، درآمدات کا ہدف 58.70 ارب ڈالراور برآمدات کا حجم 30 ارب ڈالررکھے جانے کا امکان ہے، نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں گورننس میں بہتری اور سرمایہ کاری کیلئے نجی شعبے کو فروغ دینے کیلئے اصلاحات متعارف کرانے کے علاوہ سماجی شعبے کی ترقی پر بھی توجہ دی جارہی ہے ۔ حکومت ٹیکس وصولی کے نظام میں بہتری لانے، ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔