وٹامن ڈی کی کمی ہڈیوں، دل اعصابی کمزوری کا باعث بنتی ہے میر خلیل الرحمنٰ میموریل سوسائٹی کا سیمینار

10 جون ، 2023

لاہور (رپورٹ : حرا بتول) انسانی جسم میں وٹامن ڈی کی بہت اہمیت ہے، اس کی کمی سے بے شمار بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، خواتین میں وٹامن ڈی کی بہت کمی ہوتی ہے جس سے ہڈیوں کا جلد ٹوٹ جانا، دل کے امراض اور جسمانی کمزوریوں جیسی بیماریاں جنم لیتی ہیں،بچوں کی نشوو نما رک جاتی ہے،ان خیالات کا اظہار ماہرین صحت نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آ ف نیوز پیپرز) اور نیوٹرو فارما کے زیر اہتمام ’’وٹامن ڈی کی اہمیت اور اس کی صحت زندگی پر مثبت اثرات‘‘ کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں کیا ۔سیمینار کی صدارت صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کی اور مہمان خصوصی حامد رضا (چیئرمین Neutro Pharma)تھے جبکہ ماہرین کے پینل میں پروفیسر ڈاکٹر آفتاب محسن، پروفیسر ڈاکٹر صومیہ اقتدار،پروفیسر ڈاکٹر نادیہ خورشید، ڈاکٹر سمیرا اسلم، ڈاکٹر وقار اے صدیقی، ڈاکٹر میمپال سنگھ، آفتاب سلیم (سینئر پروڈکٹ منیجر) امجد اقبال (ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز) شامل تھے ، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھائیں ،وٹامن ڈی پیدائش سے پہلے اور بعد میں بھی اثرانداز ہوتی ہے، نمونیا، دل کے امراض اور دیگر بیماریاں ہو سکتی ہیں، ہم نے بے روزگاروں کی مدد کیلئے ایک کلینک کھولا ہے ،صوبائی وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ہر دوسرے فرد میں وٹامن ڈی کی کمی ہے ، اپنی خوراک میں ایسی چیزیں شامل کریں جس میں وٹامن ڈی موجود ہو، حامد رضا نے کہا کہ تندرستی وٹامن ڈی سے ملتی ہے، اسے اپنی خوراک میں شامل کریں ،ہماری میڈیسن سے ایک بھی زندگی بچ جائے تو ہم نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے کہا کہ وٹامن ڈی سی فوڈ میں زیادہ ہوتی ہے ، یہ بچوں کی ہڈیوں کو مضبوط کرنے کا باعث ہے ،ہڈیوں کی بیماریوں سے بچائو کیلئے وٹامن ڈی کا استعمال زیادہ کرنا چاہئے۔ڈاکٹر وقار احمد صدیقی نے کہا کہ ماضی میں وٹامن پر کوئی دھیان نہیں دیا جاتا تھا ، جن خواتین میں وٹامن ڈی موجود ہوتے ہیں ان پر بریسٹ کینسر کا حملہ کم ہوتا ہے،ڈاکٹر نادیہ خورشید نے کہا کہ بچے کی پیدائش میں وٹامن ڈی ایک اہم رول ادا کرتی ہے،پروفیسر ڈاکٹر آفتاب نے کہا کہ ایسی غذا جو پلانٹس پر منحصر کرتی ہے ان میں وٹامن ڈی موجود ہوتا ہے،ڈاکٹر سمیرا نے کہا کہ پاکستان میں حمل کے دوران 45فیصد خواتین میں وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے اس دوران وٹامن ڈی کا استعمال کرنا چاہئے، میمپال سنگھ نے کہا کہ کافی حد تک وٹامن ڈی کا استعمال میڈیسن کی شکل میں شامل کر لیا گیا ہے جس سے بچے کی نشوونما اور قوت مدافعت بڑھتی ہے،امجد اقبال نے کہا کہ وٹامن ڈی ہماری زندگی میں ایک اہم رول رکھتی ہے،واصف ناگی نے کہا کہ وٹامن ڈی سبزیاں، خشک میوہ جات، انڈے اور سی فوڈ سے ملتی ہے ۔