فیصل آباد ، مرید کے میں 17 لاکھ ڈاکے ،3 افراد قتل

10 جون ، 2023

شیخوپورہ،مریدکے،فیصل آباد(نمائندہ جنگ سے،نامہ نگار، نمائندہ جنگ ) شیخوپورہ کے علاقے مریدکے اور فیصل آباد میں17لاکھ کے ڈاکے، ڈاکوئوں نےدو وارداتوں کے دوران 3افراد کو فائرنگ کرکےقتل کردیاجبکہ تیسری واردات میں ایک شہری کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ پہلی واردات میں مریدکے جی ٹی روڈ کےعلاقے شامکے کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر سٹیل ملز کے 2 ملازمین محمد اسلم اور عابد علی کو اندھادھند گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارا اور ان سے سٹیل ملز کے چھوٹے عملے کی تنخواہوں کی رقم 15 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔دونوں ملازمینعید پر چھوٹے ملازمین میں تقسیم کرنے کی غرض سے موٹرسائیکل پر بینک سے 15لاکھ روپے نکلواکر سٹیل ملز کی طرف آ رہے تھے کہ راستہ میں 2 ڈاکوؤں نے ان کا تعاقب کیا اور مزاحمت کرنے پر گولیوں سے بھون ڈالااور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دوہرے قتل کیخلاف علاقہ بھر کے سینکڑوں مزدور وں نے پولیس کی نااہلی اور ضلع شیخوپورہ میں ڈکیتی وقتل کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ دونوں مقتولین کی لاشیں پولیس نے پوسٹمارٹم کیلئے سول ہسپتال پہنچا دیں۔ دوسری واردات بھی مریدکے کی حدود میں ٹمبر مارکیٹ کے سامنے جی ٹی روڈ پرہوئی جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے مریدکے ٹائون کے رہائشی نوجوان محمد علی کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے ،تیسری واردات فیصل آباد میں ہوئی جہاں ڈاکوئوں نے تاجر کو ایک لاکھ 85 ہزار روپے نقدی لوٹ کر گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہو گئے ۔