پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصولی کا ہدف مقرر

10 جون ، 2023

اسلام آباد ( عاطف شیرازی ) و فاقی بجٹ 2023-24 میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں شہریوں سے کھربوں روپے بٹورنے کا پلان تیار کیا ہے ، آئندہ مالی سال پٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے وصولی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔بجٹ دستاویزات کے مطابق قدرتی گیس پر رائلٹی کی مد میں 75 ارب روپے وصولی کا ہدف اور نیشنل گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 40 ارب روپے وصولی کا ہدف رکھا گیا جبکہ خام تیل پر ونڈ فال لیوی کی مد میں 35 ارب روپے وصولی کا ہدف رکھا گیا ۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 50 ارب روپے وصولی اورایل پی جی پر پٹرولیم لیوی کی مد میں 12 ارب روپے وصولی کا ہدف مقررکیا گیا ہے ۔بجٹ دستاویز ات کے مطابق پٹرولیم سیکٹر کیلئے 53 ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے ۔