ضم علاقوں کیلئے ٹیکس استثنیٰ میں ایک سال کیلئے توسیع

10 جون ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی)حکومت نے فاٹا اور پاٹا کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ضم کر دہ اضلاع میں ٹیکسوں سے استثنیٰ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ، یہ پانچ سالہ مدت30 جون کو مکمل ہورہی تھی ۔ جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حکومت کی ایک بڑی ذمہ داری یہ ہے کہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کی جائے اور پاکستان میں ایک یکساں اور ہم آہنگ ٹیکس کا نظام رائج ہو۔ 2018 میں مسلم لیگ ن کی گزشتہ حکومت کے دور میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں کی جانے والی 25 ویں ترمیم کے نتیجہ میں فاٹا اور پاٹا کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ضم کر دیا گیا تھا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس آئینی تبدیلی کو موثر طور پر عملی جامہ پہنائے۔ ان علاقوں کے لوگوں کو 5 سال کیلئے ٹیکسوں سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔ یہ مدت 30 جون 2023 کو ختم ہو رہی تھی جس میں مزید ایک سال کی توسیع کی جا رہی ہے۔