گھریلو جھگڑوں پر 3خواتین سمیت 5افراد نے خودکشی کر لی

10 جون ، 2023

لاہور،مرید کے ، اوکاڑہ،ساہیوال ،مریدوالہ (نمائندگان جنگ)لاہور سمیت مختلف شہروں میں گھریلو جھگڑوں پر تین خواتین سمیت 5افراد نے خودکشی کرلی ،لاہورلیاقت آباد کے علاقہ ماڈل کالونی میں 58 سالہ عامر بیگ نے گھریلو حالات سے تنگ آکراپنے گھر سر میں گولی مارلی ،پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیا،مریدکے ریلوے اسٹیشن کے قریب مبینہ طور پر نامعلوم خاتون نے جعفر ایکسپریس کے نیچے آگئی ، عینی شاہدین کے مطابق خاتون چلتی ٹرین کے آگے کودکر جان دیدی ،اوکاڑہ کے نواحی قصبہ42فور ایل کی رہائشی30سالہ رابعہ بی بی کی بیرون ملک مقیم شوہر محمد سرور سے ٹیلی فون پر بات ہو رہی تھی،جس کے دوران تلخ کلامی ہو گئی، دلبرداشتہ ہو کر رابعہ نے زہریلی گولیاں کھا لیں ، مریدوالہ کے گائوں 196 گ ب نئی آبادی میں دو بچوں کی ماں شبانہ زوجہ عمران کا اپنے خاوند سے اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز جھگڑے کے بعد اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں جسے ٹوبہ سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی ، اہل علاقہ کے مطابق عمران کی بھابی نے بھی دو سال قبل اسی گھر میں خود کو آگ لگا کر خودکشی کر لی تھی،ہڑپہ ساہیوال میں بھی گھریلو جھگڑے پر ایک نوجوان عثمان نے پسٹل سے خود کو گولی مارلی جو دم توڑ گیا،پولیس تفتیش کر رہی ہے۔