سٹاک مارکیٹ میں پھر تیزی: انڈیکس 218 پوائنٹ بڑھ گیا

10 جون ، 2023

لاہور (سودی)رواں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام تیزی پرہوا، آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ تھا جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا پھر مندا بھی آیا اور اس کے بعد شروع ہونے والی تیزی آخر تک جاری تھی۔ اس دوران انڈیکس میں 246پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا مگر آخر میں آنے والی پرافٹ ٹیکنگ اور سیل کے پریشر کے باع یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ بجٹ کے باعث بعض سرمایہ کاروں اور پلیئرز نے بڑی پوزیشن لینے سے گریز کیا جس کے نتیجہ میں کاروباری حجم میں کمی رہی۔ مارکیٹ میں تیزی کی بڑی وجہ وزیراعظم کا یہ بیان کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں اور جلد ہی سٹاف لیول معاہدے پر دستخط ہو جائینگے سمیت سرمایہ کاروں کی طرف سے بہتر بجٹ آنے کی امید تھی جس پر خریداری آئی۔ گزشتہ روز بھی آئی ٹی سیکٹر فیورٹ تھا جس کے نتیجہ میں ٹیکنالوجی سیکٹر کی کمپنیوں میں زیادہ کاروبار بھی ہوا اور حصص کی قیمتوں میں اضافہ بھی۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، بینکوں اوربروکروں نے نیٹ خریداری کی جبکہ کمپنیوں، میوچل فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور بیرونی فنڈز کی نیٹ سیل کی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 218پوائنٹ کے اضافہ سے 41904 پر آ گیا۔ 187کمپنیوں میں اضافہ، 126میں کمی اور 27 میں استحکام رہا۔ 16کروڑ 48 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔