سیاسی منظر نامہ ،تجارتی شعبے میں روس سے بہتر تعلقات کے آثار نمایاں

10 جون ، 2023

اسلام آباد(طاہر خلیل) قومی منظر نامے کا یہ حوصلہ بخش پہلو ہے کہ معاشی اور اقتصادی دبائو کے لمحات میں ملکی تاریخ میں پہلی بار تجارتی شعبے میں روس سے تعلقات بہتر ہونے کے آثار نمایاں ہیں پاکستانی مارکیٹ میں پہلی بار روسی تیل آئندہ چند روز میں دیگر ذرائع کے مقابلے میں 30فیصد کم قیمت پر فیول صارفین کو دستیاب ہوگا سیاسی سطح پر حالیہ دنوں میں پاک روس تعلقات میں ایک بڑی جہت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے حالیہ دورے سے سامنے آئی ، دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا راستہ کھل گیا، برسوں بعد یہ پہلا موقع تھا کہ روس کی ٹاپ لیڈر شپ کو جب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا تو پاکستانی موقف کی پذیرائی بھی ہوئی دورے کا سب سے اہم پہلو چیئرمین سینیٹ کا روسی فیڈریشن کونسل کے سالانہ اجلاس سے تاریخی خطاب تھا روسی کونسل سے عام طور پر اہم غیر ملکی سربراہوں کا خطاب کا موقع ملتا ہے اور پاک روس سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر چیئرمین سینیٹ کو دورے کیلئے منتخب کیا گیا جو پارلیمانی سفارتکاری کا بڑا واقع تھا، پاکستانی وفد کے دورے کا ادبی ٹچ بھی اس وقت سامنے آیا جب فیض احمد فیض کی یادیں تازہ ہوئیں عظیم شاعر فیض صاحب کو لینن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس موقع پر انقلابی شاعر حبیب جالب کا لینن کو منظوم خراج عقیدت بھی یاد دلایا گیا عظیم لینن کی رہبری میں رکھے ولوں نے قرار پایا ملول انسانیت کا چہرہ خوشی کے سورج سے جگمایا ۔