پارلیمنٹ ڈائری،اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کرنے کا پل صراط عبور کرلیا

10 جون ، 2023

اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) خزانے اور محصولات کے وفاقی وزیر سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال کا بجٹ مرتب کرنے اور اسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرنے کا پل صراط عبور کرلیاہے اور اختتام مہینہ سے قبل یہ منظوری کادرجہ حاصل کرکے نافذالعمل ہوجائے گا یہ بجٹ جن نامساعد حالات اور ماقبل کے چار سال کی خوفناک مالیاتی بد انتظامی اور لوٹ پاٹ کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے وہ پورے ملک کوازبر ہوچکے ہیں اپنے پونے چار سال کے مسلط کردہ اقتدار میں تحریک انصاف نے ملک کو ہر لحاظ سے کھوکھلا کرکے رکھ دیا تھا اقتصادیات اس کا بطور خاص ہدف رہی سبب واضح ہے کہ بدنیت حکمرانوں نے جہاں اپنے غیرملکی آقائوں کے اطمینان قلب کی خاطر معیشت کو برباد کیا وہاں انہوں نے اپنی تجوریاں بھرنے میں دستیاب ہر لمحے کواستعمال کیا لطف کی بات یہ تھی کہ ملک اور خزانے کے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین منہ سے اپنے مخالفین کو چور، ڈاکو کے لقب سے پکارتے رہے اورانہیں گالیاں دینے میں مصروف رہے ایسے پرھول چار سال کے بعد سال رواں کامیزانیہ ترتیب دیا گیا جس کے لئے قابل اعتماد اعداد وشمار کا یکجا کیا جانا مسئلہ بن کر رہ گیا تھا اس کے باوجود بجٹ سازی اور منظوری کی رسم ادا کردی گئی اس بجٹ میں رعایات اور مراعات کی فرمائش کرنا ہی نہیں بنتی تھی تیس جون کو ختم ہونے والے مالیاتی جائزے سے ثابت ہوگیاہے کہ حکومت کی تمام کوششوں کے باوجود ماضی قریب کی ان خرابیوں کو خاطر خواہ حد تک دور نہیں کیا جاسکا،حکومت کے مخالفین کے لئے اس بجٹ میں خرابیاں تلاش کرنا گدلے پانی میں سوئی ڈھونڈھنا بن کر رہ گیاہے،حکومت کا اصرار ہے کہ یہ عوام دوست بجٹ ہے۔