سوڈان، اقوام متحدہ مشن کے سربراہ والکر پرتھیس ناپسندیدہ شخصیت قرار

10 جون ، 2023

خرطوم(این این آئی)سوڈان نے اقوام متحدہ مشن کے سربراہ والکر پرتھیس کو ناپسندیدہ شخصیت قراردیدیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کو والکر پرتھیس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بارے میں بتا دیا ہے۔دوسری جانب والکر پرتھیس جوکہ2021 سے سوڈان کے مشن کی سربراہی کررہے ہیں، انہوں نے تنازع کو ہوا دینے کے الزامات کے خلاف اقوام متحدہ کا سختی سے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کو ہوا دینے کا ذمہ دار میں نہیں بلکہ جنگ میں شامل دو جنرل ہیں۔اقوام متحدہ کے مشن کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق، والکر پرتھیس سفارتی گفتگو کے سلسلے میں ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا میں موجود تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ وہ سوڈانی فوجی کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان کی جانب سے مبینہ طور پر اپنے خصوصی نمائندے والکر پرتھیس کو تبدیل کرنے کی درخواست ملنے پر حیران ہیں۔