ریلوے ملازمین کو کاروبار یاگالف کا کیا تجربہ ؟ قومی اثاثے کو مذاق بنا دیا، سپریم کورٹ

10 جون ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے ʼʼریلوے گالف کلب سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دو ران کلب کی انتظامی کمیٹی کو بولی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے جمعہ کے روز کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر گالف کلب حکام ایسے سب بولی لگانے والوں کو مسترد کرتے جائیں گے تو وقت ضائع ہو جائے گا،شکایت کمیٹی میں تین ریلوے کے ممبران ہیں،ریلوے ملازمین کو کاروبار یا گالف کا کیا تجربہ ہے؟ ستمبر میں بڈنگ پراسیس کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے،ہم اس سارے عمل سے خوش نہیں ہیں،میں اس کیس سے اکتا چکا ہوں،قومی اثاثے کو مذاق بنا رکھا ہے،ریلوے کا بھی ایسا ہی حال ہے،بعد ازاں عدالت نے مذکورہ بالا ہدایات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت ماہ ستمبر تک ملتوی کردی۔