سندھ کا 1730ارب کا بجٹ آج ‘تنخواہ 30فیصد بڑھنے کا امکان

10 جون ، 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کامالی سال 2023-24 کا 1730ارب روپے کا بجٹ (آج)ہفتہ 10 جون کو پیش کیا جائے گا‘یہ سندھ حکومت کا پانچواں اورآخری بجٹ ہے‘ امکان ہے کہ یہ انتخابی بجٹ ہو گا،سندھ میں بھی تنخواہیں 30 فیصد اور پنشن میں17 فیصد اضافے کا امکان ہے ‘غریبوں کے لیے گھروں کے قیام کیلئے 2.5 ارب روپے ،غریب گھرانوں کو مویشیوں کی فراہمی کے لیے 75 کروڑ روپے رکھنے، موجودہ یتیم خانوں کی اصلاح اور قیام کے لیے 10 ارب روپے مختص، اولڈ ایج ہومز کے لیے 10 کروڑ روپے ،سندھ پیپلز سپورٹ پروگرام کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ 11ویں بار سندھ بجٹ کاتخمینہ صوبائی اسمبلی میں پیش کریں گے۔سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج شام چار بجے ہوگا۔ بجٹ اجلاس سے قبل سندھ کابینہ کا پری بجٹ اجلاس صبح 11 بجے وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت منعقد ہوگا۔سندھ کابینہ کے اجلاس میں بجٹ تجاویزکی حتمی منظوری دی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق سندھ بجٹ کا تخمینہ ایک ہزار 730 ارب روپے سے زائد پرمشتمل ہے جسے منظوری کے لیے آج سندھ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ میں سندھ حکومت، 7 اضلاع میں یونیورسٹی یا یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا اعلان کرے گی جس میں کورنگی، کراچی ویسٹ، کیماڑی، ملیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار اور سجاول شامل ہیں۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے لیے بجٹ 8.5ارب روپے سے بڑھا کر 12.5 ارب روپے اورمحکمہ سماجی تحفظ کے لیے 15 ارب 75 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔محکمہ صحت سندھ نے 217 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 20 ارب 15 کروڑ روپے کا بجٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں 7 ارب 8 کروڑ روپے کی لاگت سے 86 نئی سکیمیں بنانے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ 2 ارب 55 کروڑ روپے کی لاگت سے 12 ٹیچنگ ہسپتالوں کے منصوبے، 3 ارب 51 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف اسپتالوں کے لیے 69 نئے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔محکمہ زراعت سندھ نے نئے مالی سال میں 7 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سے 24 کروڑ روپے کی 4 نئی اسکیمیں بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں سندھ پولیس نے بجٹ 24-2023 میں سندھ پولیس کے لئے 12 ارب اضافی رکھنے کی تجویز پیش کی ہے،سندھ پولیس نے سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن کیلئے اضافی بجٹ کی تجاویز پیش کیں۔