امریکا کیوبا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا بند کرے، چین

10 جون ، 2023

بیجنگ (اے ایف پی) ان رپورٹس کے ردعمل میں کہ چین امریکی ساحلوں کے قریب جزیرے پر ایک جاسوس اڈہ قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، چین نے گزشتہ روز امریکاکو کیوبا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے خلاف خبردار کیا۔امریکی ذرائع ابلاغ وال سٹریٹ جرنل اورسی این این کو گمنام امریکی حکام کے تبصروں پر مبنی میڈیا رپورٹس کو کیوبا کے نائب وزیر خارجہ نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا جبکہ وائٹ ہاؤس نے بھی انہیں غلط قرار دیا۔ پریس بریفنگ میں جب ان سے مبینہ جاسوسی اڈے کے بارے میں پوچھا گیا تو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے کہا کہ وہ کیوبا کے بارے میں امریکی پالیسی پر تنقید کرنے سے پہلے صورتحال سے لاعلم تھے۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں، افواہیں پھیلانا اور بہتان تراشی کرنا امریکہ کا حربہ ہے، اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں بے دریغ مداخلت اس کی پہچان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو آزادی اور جمہوریت کے جھنڈے تلے کیوبا کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرنا چاہیے، اور کیوبا کے خلاف اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی پابندیاں فوری طور پر منسوخ کر دینی چاہیے۔