سینیٹ کمیٹی ،مبینہ جعلی پائلٹ لائسنسوں کے معاملے پر کارروائی مکمل

10 جون ، 2023

اسلام آباد ( وقائع نگار )سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے ہوابازی نے مبینہ جعلی پائلٹ لائسنسوں کے معاملے پر کامیابی کے ساتھ اپنی کارروائی مکمل کر لی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سی اے اے کے پاس انتظامی اختیارات ہیں اور وہ کسی مجرمانہ کارروائی میں ملوث نہیں۔ کیبنٹ ڈویژن اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد، سی اے اے نے مناسب کارروائی شروع کرنے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خط لکھا۔ڈائریکٹر جنرل نے منسوخ شدہ لائسنسوں کے لیے وقت کی حد مقرر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ CAA فی الحال اپنے قوانین میں ترمیم کر رہا ہے، اور منظوری کے لیے ایک سمری کابینہ کو پیش کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پائلٹس کے لائسنس کیبنٹ ڈویژن نے منسوخ کیے ہیں نہ کہ سی اے اے نے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن پائلٹس کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہو گی انہیں کلیئر کر دیا جائے گا۔سینیٹر مانڈوی والا نے متاثرہ پائلٹس کے تحفظ کے لیے فوری حل کی فوری ضرورت پر زور دیا، اور کہا وہ ان لوگوں کو واپس لینے پر آمادہ کریں جنہوں نے عدالتی حکم امتناعی حاصل کیا ہے۔کمیٹی نے منصفانہ تشخیص کے لیے اسٹوڈنٹ پائلٹس کے کیس کو مبینہ جعلی لائسنس ہولڈرز سے الگ کرنے کی سفارش کی۔