ایلیٹ فورس الائونس 10 ہزار مقرر کرنے کا اعلان،شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،محسن نقوی

10 جون ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی،کرائم رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت میں اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا،اجلاس کو بتایا گیا کہ مزید 1163 شرپسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا ہے ،جن کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، نگران وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاکرمفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، آخری شرپسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے، کسی شرپسند سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،شرپسندوں اورانہیں اکسانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، کسی گناہ گار کو چھوڑنا نہیں اور بے گناہ کو پکڑنا نہیں، انسپکٹرجنرل پولیس نےبریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پراسیکیوشن،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آئی جی جیل خانہ جات اور دیگر متعلقہ حکام نےبھی اجلاس میں شرکت کی۔ دریں اثناء نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر بیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں ایلیٹ پولیس فورس کیلئے الاؤنس 10 ہزار روپے کرنیکا اعلان کیا اور کہا ہے کہ سپیشل برانچ کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا ، پولیس انسٹرکٹرز اور ٹرینرز کی کمی کو دور کیا جائیگا، نائٹ آپریشن کیلئے آلات اور دیگر ساز و سامان خریدینگے ،39 خواتین اور 542 مرد پولیس اہلکاروں نے کامیابی سے کورس مکمل کیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے مارشل آرٹس، فائرنگ اور دیگر مہارتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا ، پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانیوالے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے ، جوانوں نے نگران وزیراعلیٰ کو سلامی بھی پیش کی، نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جوان بہادری کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کریں۔4 ماہ میں پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں، نائٹ آپریشن کیلئے آلات اور دیگر ساز و سامان خریدیں گے،راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ 100 کی بجائے 5 ارب روپے میں یہ پراجیکٹس مکمل کرنے کی کوشش کرینگے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ جرأت اور بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں،نگران وزیراعلیٰ نے پولیس ویلفیئر کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔