مالیاتی بل کی کاپی سینیٹ میں پیش‘ اپوزیشن کاشدید احتجاج‘واک آئوٹ

10 جون ، 2023

اسلام ٓا باد (نمائندہ جنگ)وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نےمالیاتی بل2023کی کاپی سینیٹ میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے دوران پیش کر دی۔ اس دوران اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور شدید احتجاج کرتے رہے ، بولنے کیلئے وقت نہ دینے پر اپوزیشن واک آوٹ کر گئی ،وزیر خزانہ نے سالانہ بجٹ میزانیہ پر مشتمل مالیاتی بل2023پر سفارشات کےحوالے سے بھی تحریک ایوان میں پیش کی ، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ارکان سے کہا کہ وہ اپنی بجٹ سفارشات پیر تک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دیں اس کے بعد بجٹ پر کوئی سفارش نہیں لی جائیگی اور یہ سفارشات متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کوبھجوا دی جائیں گی جو 10روز میں فائنل کریگی اس دوران ارکان بجٹ پر بحث کرینگے چیئرمین نے وزیر خزانہ کی طرف سے مالیاتی بل کی کاپی ایوان میں پیش کرنے کے بعد اجلاس پیر کی شام 3بجے تک ملتوی کر دیا۔