گزشتہ ماہ اوورسیزپاکستانیز نے 2.1ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجیں، سٹیٹ بنک

14 جون ، 2023

اسلام آباد(اے پی پی)مئی 2023ء میں بیرون ملک پاکستانیوں نے2.1ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں۔منگل کو سٹیٹ بنک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2023ء میں کارکنوں کی ترسیلاتِ زر کی مد میں2.1ارب ڈالر موصول ہوئے۔نمو کے لحاظ سے مئی2023ء میں ترسیلاتِ زر میں 4.4فیصد ماہ بہ ماہ اور 10.4 فیصد سال بسال کمی آئی۔مالی سال 23ء کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلاتِ زر کی مد میں مجموعی طور پر 24.8 ارب ڈالر موصول ہوئے جو گذشتہ برس کی نسبت 12.8 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔مئی 2023ء میں ترسیلات زر کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (524 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (335.8 ملین ڈالر)، برطانیہ (306.5 ملین ڈالر) اور امریکہ (257.2 ملین ڈالر) شامل ہیں۔