مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کا سرچ آپریشن مزید 2 نوجوان شہید کردیئے،3 گرفتار

14 جون ، 2023

سرینگر (خبر ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں2اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوںکو ضلع کے علاقے ڈوبنار مژھل میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ ایک ٹویٹ میں بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوانوںکو ڈوبنار مژھل میں بھارتی فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران قتل کیاگیا ہے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔جبکہ بھارتی پولیس نے 3کشمیریوں پر جدوجہد آزادی اور بھارت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرکے ان پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس اہلکار نے میڈیاکوبتایا کہ تین کشمیریوں محمد اشرف میر، محمد یاسین بٹ اور اسد اشرف صوفی کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے،جو بالترتیب ادھم پور ڈسٹرکٹ جیل، کوٹ بھلوال جیل اور کٹھوعہ ڈسٹرکٹ جیل میں قید ہیں ۔علاوہ ازیں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری حریت پسند رہنما ایاز اکبر کی سری نگر میں جائیداد قرق کر لی گئی ہے ۔بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی ائے ٹیم نے بھارتی فورسز اہلکاروں کے ہمراہ منگل کو ضلع سری نگر کے علاقے شالہ ٹینگ میں 1 کنال اور 10 مرلہ زمین کو قرق کر لیا ۔ایاز اکبر کی زمین پر ایک نوٹس بھی لگا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ زمین بحق سرکار قرق کی گئی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق ترجمان ایاز اکبر جعلی مقدمے میں گزشتہ سات سال سے تہاڑ جیل میں قید ہیں ۔