43 چینی کمپنیاں امریکی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ، 9میں پاکستان کا اشتراک

14 جون ، 2023

واشنگٹن ( نیوز ایجنسیاں ) امریکا نے43چینی کمپنیوں کو ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرلیا، جن میں9ایسی کمپنیاں بھی شامل ہیں جن میں پاکستان کا اشتراک ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کی سرگرمیوں سے امریکی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کی وجہ سے لسٹ میں شامل کیا گیا ہے ، لسٹ میں شامل کمپنیوں پر امریکی ایکسپورٹ حاصل کرنے پر پابندی ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق 31 چینی کمپنیوں کو چینی فوج اور ہائپرسونک ہتھیاروں کے لیے امریکی اشیا حاصل کرنے پر لسٹ میں شامل کیا گیا جبکہ 9 چینی اور پاکستانی کمپنیوں کو پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور دیگر ہتھیاروں میں تعاون کرنے پر لسٹ میں شامل کیا گیا۔اس کے علاوہ 2 چینی کمپنیوں کو چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مدد دینے پر شامل کیا گیا۔