عوامی نیشنل پارٹی الیکشن میں جنوبی پنجاب سے بھرپور حصہ لے گی،میاں افتخار

14 جون ، 2023

ملتان (این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن میں ملتان اور جنوبی پنجاب سے عوامی نیشنل پارٹی بھرپور حصہ لے گی۔ پختون عوام آپس میں اتحاد برقرار رکھیں اور الیکشن کی تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں سوئی ناردرن گیس میں چیف سیکورٹی آفیسر سیف الرحمٰن خان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کے پی کے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں، ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگ ہم پر اعتماد کریں، ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے پٹھان برادری سے کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں عوامی نیشنل پارٹی کو فعال کریں اور لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، ملتان اور جنوبی پنجاب کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔