انقلابی بننے والے کونوں کو ہاتھ لگا کر PTIچھوڑ گئے،احسن اقبال

14 جون ، 2023

نارووال (صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ انقلابی بننے والے کانوں کو ہاتھ لگا کر پارٹی چھوڑ گئے، عمران نیازی نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا آج ہم اس کے دیئے گئے زخموں کو ٹھیک کرنے میں لگے ہیں،ن لیگ ترقی کانشان ہے،پی ٹی آئی نے ہمارے ترقیاتی منصوبے ختم کیے،عوام الیکشن میں انھیں مستردکردینگے۔ نارووال کے علاقہ بلال گنج میں سیوریج پائپ لائن کی فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے قرضوں کی تعداد اس کی آمدن سے زیادہ ہیں، دھاندلی کے ساتھ ہماری حکومت کو ختم کیاگیا، ایک اناڑی اور ناتجربہ کار کو پاکستان کی کنجیاں دی گئیں جس نے پاکستان کی معیشت کا انجر پنجر کر دیا اپنا بھی سر پھوڑا اور گاڑی کو بھی توڑا، ہم نے ملک کو ترقی دینی ہے اور معیشت کو بھی ٹھیک کرنا ہے ترقی کا نام مسلم لیگ ن ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں تبدیلی حکومت سے قبل چپے چپے پر ترقی ہوئی، عمران حکومت میں ہمارے منصوبے ختم کیے گئے، اب وہ کس منہ سے ووٹ مانگیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ جنرل الیکشن میں عوام ان کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو قوم نے پی ٹی ائی کا اصل چہرہ دیکھا ،منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کے شہیدوں کی توہین کی گئی، پی ٹی آئی نے جناح ہائوس جلا کر قائداعظم کی روح کو جلایا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے بھی مارشل کا مقابلہ کیا ہے مسلم لیگ ن نے جنرل مشرف کے مارشل کا سامنا کیا پیپلز پارٹی نے جنرل ضیا کے مارشل کا سامنا کیا مگر کبھی شہیدوں کی یادگاروں پر حملہ نہیں کیا عمران خان نے وہ کام کیا ہے جو دشمن نہیں کر سکتا تھا یہ لوگ کسی معافی کے حقدار نہیں ہیں انقلاب کے دعوے کرنے والے ایک ایک دن کی جیل کے بعد اس طرح علیحدہ ہوئے ہیں جیسے کاغذوں کی جماعت تھی۔ احسن اقبال نے کہا کہ میں نے گولی بھی کھائی جیل بھی کاٹی نہ پارٹی چھوڑی نہ سیاست چھوڑی ،انقلابی بننے والے ایک ایک منٹ کی ایف آئی آر پر کانوں کو ہاتھ لگا کر پارٹی چھوڑ گئے ہیں۔