پیپلز پارٹی سکھ ہوں یا دکھ،عوام کے ساتھ ہے،بلاول بھٹو

14 جون ، 2023

کرا چی(پی پی آ ئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سمندری طوفان کی پیش نظر عوام سے اپیل کرتے ہو ئے کہا کہ طوفانی بارش کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی قدرتی آفت کے ممکنہ نقصان سے بچنے کا راستہ ہے۔اپنے ایک بیان بلاول بھٹو نے کہا کہ سمندری طوفان بائپر جوائےسے کراچی، ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں کو خطرہ ہے، سندھ حکو مت سمندری طوفان کی پیشِ نظر چوکس ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اٹھا رہی ہے،عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام خصوصاً ساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں،پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہری بھی ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں موجود اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام کارکنان امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں،دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ پاکستان کے ہر کونے اور ہر پاکستانی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔