وزیراعلیٰ پنجاب کابیرون ملک ملازمت کیلئے نرسز کواین او سی اجرا کا حکم

14 جون ، 2023

لاہور ( آن لائن ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بیرون ملک ملازمت کیلئے نرسز کو جلد این او سی کے اجرا کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نرسوں کے بیرون ملک جانے کیلئے اجازت کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے۔ انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں نرسنگ کالج کو بھی فوری طورپر فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں نرسنگ ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ڈاکٹر جمال ناصر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرخالد مسعود گوندل،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، ڈی جی نرسنگ، سیکرٹری پنجاب میڈیکل فیکلٹی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے 40 نرسنگ کالجز میں طالبات کی تعداد میں اضافے کیلئے مارننگ و ایوننگ شفٹ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ نرسز کو دوران تربیت 31 ہزار روپے ماہانہ سکالر شپ بھی دیا جائے گا۔ اجلاس میں نرسنگ کا لجزمیں انسٹرکٹرز،نرسز اورڈاکٹرز کیلئے فی لیکچر معاوضہ بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور ایجوکیشن کے معیار کو بہتربنانے کیلئے پلان طلب کرلیا ہے۔