عوام کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں، میئر کا کھیل کھیلا جارہا ہے، مقررین

14 جون ، 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت سہراب ٹاؤن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ کراچی میں میئر کا کھیل کھیلاجا رہا ہے،عوام کے مسائل کی کسی کو فکر نہیں، حکمرانوں کے پاس نمائندے خریدنےکےلیے تو وسائل ہیں لیکن عوام کے مسائل حل کرنے کےلیے نہیں ، جلسہ عام سے سندھ کے صدر عقیل احمد لغاری،کراچی کے صدراحمد ندیم اعوان،جنرل سیکٹری اکرم عادل، اور دیگر نے بھی خطاب کیا،فیصل ندیم نے مزید کہا کہ حکمرانوں نےعوام کو بجلی،گیس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں کے اضافے میں پھنسایا ہوا ہے، کراچی کے باسی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہوتے جارہے ہیں،عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔عوام اپنے ووٹ کی طاقت سےحالات بدل سکتے ہیں۔