سمندری طوفان، کراچی میں انٹر اور جامعات میں تمام امتحانات ملتوی

14 جون ، 2023

کراچی(سید محمد عسکری)کراچی میں ممکنہ طوفان کے پیش نظر،کمشنر کراچی نے تمام امتحانات ، تعلیمی سیمینار ،سمرکیمپس اور دیگر سرگرمیاں منسوخ کردیں جبکہ انٹر بورڈ اور جامعہ کراچی ، ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات نے امتحانات اور کلاسز ملتوی کردیں ۔  کمشنر کے نوٹیفکیشن کے مطابق انسانی جانوں کے ضیاع سے بچانے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے چنانچہ تمام امتحانات،تعلیمی سیمینارز،سمرکیمپس اور دیگر سرگرمیاں 14جون سے طوفان ٹلنے تک ملتوی رہیں گی۔اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ کمشنر کراچی کی طرف سے سمندری طوفان کے باعث امتحانات اور تعلیمی سرگرمیاں ملتوی کرنے کے نوٹیفکیشن کی روشنی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے بروزبدھ 14 جون اور برو ز جمعرات 15 جون 2023 ء کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ ملتوی کیے گئے پرچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔جامعہ کراچی اور اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سمندری طوفان کے پیش نظر شہر میں 14 جون کو ہونے والے امتحانات اور تعلیمی سرگرمیاں ملتوی کردی ہیں۔