اتحادیوں میں اختلافات، گورنر KP کو ہٹانے کا مطالبہ

14 جون ، 2023

کراچی(ٹی وی رپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے صوبائی قائدین نے بھی گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کی صوبائی قیادت گورنر حاجی غلام علی کے کردار سے ناراض ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماؤں نے پارٹی قیادت سے گورنر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما اختیار ولی نے کنونشن سے خطاب میں کہاکہ صوبے میں گورنر راج قائم ہے، مسلم لیگ کے کارکنان صوبے میں 3 دہائیوں سے اپوزیشن میں ہیں۔انہوں نے قیادت سے مطالبہ کیا کہ گورنر کو ہٹا کر ن لیگ کارکنان کے ہاتھ کھول دیئے جائیں، اتحادی گورنر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں اور ہمارے کارکن منہ دیکھ رہے ہیں، گورنر لیگی کارکنان پر بھی راج کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سابق رکن پختونخوا اسمبلی نگہت اورکزئی نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا کہ گورنر غلام علی کو عہدے سے ہٹایا جائے، صوبے میں گورنر راج نہیں مانتے، جیالوں پر گورنر ہاؤس کے دروازے بند کئے گئے ہیں۔