کراچی کو طوفان سے اب تک کوئی خطرہ نہیں، شیری رحمٰن

14 جون ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں خطرناک صورتحال نہیں ہے سائیکلون کراچی کے جنوب سے نکل جائے گا، سمندری طوفان کا خطرہ موجو د ہے لیکن شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے، وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمٰن نے کہا کہ کراچی کو طوفان سے براہ راست اب تک کوئی خطرہ نہیں ہے، کراچی کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں، کراچی میں 110ملی میٹر جبکہ عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول میں 380ملی لیٹر بارش ہوسکتی ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر حملہ کس نے کروایا اس حوالے سے تحریک انصاف متضاد بیانات دیتی رہی اور خود ہی کنفیوژن کا شکار ہوگئی۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ سمندری طوفان کا خطرہ موجو د ہے لیکن شدت کسی حد تک کم ہوئی ہے، سمندری طوفان ٹھٹھہ سے 370کلومیٹر اور کراچی سے 380کلومیٹر دور ہے، اس وقت سمندری طوفان کا رخ شمال کی طرف ہے پھر شمال مشرق کی طرف ہوجائے گا،سمندری طوفان شمال مشرق کی طرف بڑھتا ہوا کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا یا ٹکرائے گا،کراچی میں کل ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے، کراچی میں جمعرات اور جمعے کو تیز بارش کا امکان ہے، کراچی میں خطرناک صورتحال نہیں ہے سائیکلون کراچی کے جنوب سے نکل جائے گا، سائیکلون کراچی کے جنوب سے 200 سے 250کلومیٹر دور مشرق کی طرف نکل جائے گا۔ وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمٰن نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے لوگوں میں خوف پھیلنا فطری بات ہے، لوگ اپنی جان و مال کی حفاظت کیلئے فکرمند ہوتے ہی ہیں، طوفان بپر جوائے بلوچستان سے ہٹ کر سندھ کی طرف جارہا ہے، طوفان نے پندرہ تاریخ کو کیٹی بندرسے ٹکرانا ہی ہے، وفاقی حکومت نے پہلے ہی متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کی ایڈوائس کردی تھی، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے سمیت سول ملٹری ادارے فعال ہیں۔شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ کیٹی بندر میں لوگوں کے انخلاء کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، میتیں اٹھانے سے بہتر نقل مکانی کر کے جانیں بچانا ہے، نقل مکانی کروانے کیلئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے، طوفان کہیں بھی اچانک شدت اختیار کرسکتا ہے اس لیے وقت سے پہلے اقدامات کررہے ہیں، سپارکوں کے علاوہ سترہ اسٹیشنوں سے معلومات اکٹھی کرکے طوفان کا جائزہ لیا جارہا ہے، کراچی کو طوفان سے براہ راست اب تک کوئی خطرہ نہیں ہے، کراچی کے جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں، کراچی میں 110ملی میٹر جبکہ عمرکوٹ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول میں 380ملی لیٹر بارش ہوسکتی ہے۔