سٹاک مارکیٹ میں مندا برقرار،انڈیکس مزید244پوائنٹ گر گیا

14 جون ، 2023

لاہور (سودی)گزشتہ روز بھی دن بھر کے اتارچڑھائو کے بعد سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مندےپرہوا آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی تھی جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی کم ہو گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مندے سے ہوا پھر تیزی بھی آئی اور اس کے بعد شروع ہونے والا مندا آخر تک جاری تھا اس دوران انڈیکس میں 243پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 260پوائنٹ کی کمی بھی جبکہ کاروباری حجم بھی مزید کم ہو گیا۔گزشتہ روز بھی بڑے سرمایہ کاروں اور مارکیٹ پلیئرز کی دلچسپی بہت کم تھی اور زیادہ تر سودے کلیئرکرنے کی ہی کوشش کرتے رہے۔ مارکیٹ میں مندا نئے آنے والے بجٹ میں صنعت تجارت برآمدات اور سٹاک مارکیٹ کیلئے کوئی مراعات نہ دینے اور اس کے برعکس نئے ٹیکس عائد اور بعض مراعات ختم کرنے کا رد عمل تھا اسی طرح سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی میں انٹرسٹ ریٹ کم نہ ہونا بھی اثرانداز تھابجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ برآمدات اور ترسیلات زر سمیت زرمبادلہ ذخائر میں کمی، ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر کم ہونا بھی پریشر کا باعث تھے۔ گزشتہ روز بینکوں، کمپنیوں، بروکروں اور بیرونی فنڈز کی نیٹ سیل تھی جبکہ نجی سرمایہ کاروں اور آرگنائزیشنز نے نیٹ خریداری کی۔ کاروبار کے ا ختتام پر مارکیٹ انڈیکس 244پوائنٹ کم ہو کر 41539پر آ گیا۔ 91کمپنیوںمیں اضافہ، 208میں کمی اور28میںاستحکام رہا۔ 14کروڑ 41لاکھ حصص کا کاروبارہوا۔