طوفان کی شدت کم،پھر بھی خطرناک،کل کیٹی بندر سے ٹکرائے گا،کراچی میں تیز ہوائیں

14 جون ، 2023

اسلام آباد ،کراچی ، حیدرآباد،( نیوز رپورٹر ،نامہ نگار خصوصی ،اپنے نامہ نگار سے ، نامہ نگاران، مانیٹرنگ ڈیسک )سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت میں کمی ہوئی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان انتہائی شدید سے شدید میں تبدیل ہوچکا ہے تاہم یہ پھر بھی خطرناک رہے گا ، طوفان کے مرکز ميں ہوا کی رفتار 180کلوميٹر کو چھونے لگی ، طوفانی سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر ميں شديدطغيانی ، لہريں 30 فٹ تک بلند ہونے لگیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان 15 جون یعنی جمعرات کی دوپہر کے قریب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان 150 کلومیٹر کی رینج میں لینڈ کرے گا، طوفان کل کیٹی بندر شہر سے ٹکرائے گا ، شہر کو خالی کروالیا گیا ہے ،بدین اور ٹھٹھہ سمیت کئی دیگر ساحلی علاقوں سے بھی ہزاروں افراد کا انخلا کرلیا گیا ہے ،سجاول سے بھی لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی، ٹھٹھہ ،سجاول اور بدين کے ساحلی علاقوں ميں بارش اور تيز ہواوں کا سلسلہ جاری رہا، کيٹی بندر پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے لگی ، کیاروچھان کے کئی ديہات زيِر آب آگئے ، بدين کے ساحلی علاقوں ميں پانی ماہی گيروںکی بستی کے قريب پہنچ گيا ، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نےبتایا کہ سمندری طوفان ٹھٹھہ سے 370اور کراچی سے 360کلو میٹر دور ہے ، سردار سرفراز کے مطابق ٹھٹھہ،سجاول اور بدین میں خاص طور پر آندھی اور تیز بارش ہو گی اور اس بارش کا پھیلاؤ تھر پارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص تک ہوگا، سندھ کے یہ 6 اضلاع اس وقت حساس ہیں، تیز ہوائیں اور سمندری لہروں کی اونچائی زیادہ ہوتی ہے تو ساحلی پٹی کے نشیبی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔کراچی کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ یہاں مٹی کے طوفان اور درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں طوفان سے زیادہ خطرہ نہیں ، سائیکلون شہر کے جنوب سے نکل جائے گا ، بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ میں سمندری طوفان بائپرجوائے کے باعث سمندرکا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوا گیا لیکن سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ زیادہ سنگین نہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سمندری طوفان بپرجوائے کے پیش نظر تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر لوگوں کی حفاظت ، سندھ حکومت، NDMA اور دیگر ادارے مل کر ساحلی علاقوں میں موبائل ہسپتالوں کا قیام یقینی بنائیں،ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کا خاطر خواہ انتظام یقینی بنایا جائے ،نقل مکانی کرنے والے افراد کے کیمپس میں پینے کے صاف پانی اور خوراک کا خصوصی انتظام یقینی بنایا جائے، خرم دستگیر خان کو جنوبی سندھ کے اضلاع میں سمندری طوفان کے اثرات ختم ہونے تک موجود رہنے کی ہدایت کی چیئرمین اين ڈی ايم اے ليفٹننٹ جنرل انعام حيدر ملک نے وزيراعظم سے ملاقات کی اور انہیں طوفان بپر جوائے سے پيدا ممکنہ صور ِت حال سے نمٹنے کی تياريوں سے آگاہ کيا ، ادھر وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمن نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندری طوفان بپر جوائے کی شدت کم ہوئی ہے تاہم اس سے منسلک خطرات بدستور برقرار ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی افراتفری سے اجتناب برتتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔