شہباز شریف کو مسلم لیگ میں شمولیت کے خواہشمند KPکے الیکٹیلر کی فہرست پیش

14 جون ، 2023

اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر) وزیر اعظم سے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کی قیادت میں لیگ ن کے قائدین مرتضی جاوید عباسی، پیر صابر شاہ، کیپٹن صفدر، شہاب الدین، اختیارولی ،جمشید مہمند اور سردار الورنگزیب نلوٹھا نے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن میں شمولیت کے خواہش مند خیبر پختونخوا کے الیکٹبلز کی فہرست پیش کی ، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انتخابات کیلئے خیبر پختونخوا کے ہر حلقہ سے مضبوط امیدوار کو میدان میں اتارا جائیگا جبکہ مقامی حالات کے مطابق اتحادی جماعتوں کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن بھی کھلا رکھا جائیگا، مسلم لیگ ن کے وفد نے وزیر اعظم سے بلین ٹری سونامی، بی آر ٹی اور مالم جبہ سمیت خیبر پختونخوا کے میگا کرپشن سکینڈلز پر احتساب کا عمل تیز کرنے کی درخواست کی ،وزیر اعظم نے گزشتہ دس سالوں میں خیبرپختونخوا کو ہزاروں ارب کا مقروض کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہ پارٹی میں لیں گے نہ ہی رعایت برتی جائیگی، خیبرپختونخوا مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے ، صوبہ کی تمام مایوسیوں کو دور کرکے ترقی کے راستے پر ڈالا جائیگا ،خیبر پختونخوا کو ترقی اور امن کا گہوارہ بنا کر رہیں گے، گزشتہ حکومت نے خیبر پختونخوا کی ترقی کو یکسر نظر انداز کیا۔ بجٹ 2023-24 میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات شامل کئے ہیں،دریں اثناء وزیراعظم سے سابق رکنِ قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی ، وزیراعظم سے رکنِ قومی اسمبلی ناز بلوچ نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی، کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا ،2 ہزار ارب سے زائد کسان پیکج سے زراعت کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا، مایوسیوں کو مٹانا، ملک و قوم کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی،نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے ،دریں اثناء وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز میں اصلاحات اور مین لائن ون کی اپ گریڈیشن پر جائزہ اجلاس ہوا،جلاس کو بتایا گیا کہ ریلوے کی ڈیجٹلائیزیشن پر کام جاری ہے،ریلوے ٹکٹنگ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجٹلائیز کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو مین لائن ون (ML-1) اپ گیرڈیشن منصوبے پر پیش رفت بالخصوص منصوبے کے مختلف آپشنز اور مراحل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔