ناصر بٹ کی نواز شریف سے اہم ملاقات،آئندہ ہفتے تازہ ہدایات کیساتھ واپس آئیں گے

14 جون ، 2023

اسلام آباد(محمد صالح ظافر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ناصر محمود بٹ نے منگل کو لندن میں اپنی پارٹی کے قائد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات کو ملک میں ہونے والی سیاسی پیش رفت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے اور قائد نے ناصر بٹ کو فوری طور پر لندن پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ناصر بٹ اگلے ہفتے کے اوائل میں نواز شریف کی تازہ ہدایات کے ساتھ اسلام آباد واپس آئیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے بانی جہانگیر خان ترین بھی لندن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی نواز شریف سے ملاقات کے علاوہ میڈیکل چیک اپ سمیت دیگر مصروفیات بھی متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قانونی ماہرین نے نواز شریف کی نااہلی کے خلاف درخواستیں دائر کرنے اور متنازعہ مقدمات میں ان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر بٹ اپنے قائد کے وکلاء کے ساتھ مصروف ہیں اور برطانیہ روانگی سے قبل انہوں نے یہاں کچھ سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ انہوں نے گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن سے بھی ملاقات کی۔