ن لیگ الیکشن کیلئے تیار، ممکنہ اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر ہوگا، وزیراطلاعات

14 جون ، 2023

لاہور(جنرل رپورٹر)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ن لیگ الیکشن کیلئے تیار ہے، ممکنہ اتحاد کا فیصلہ وقت آنے پر ہوگا، نواز شریف الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہو نگے، ایک فسادی، فتنے اور مسلح جتھوں کے ماسٹر مائنڈ شخص نے اپنے گھر میں بیٹھ کر جناح ہائوس کو آگ لگوائی، جناح ہائوس قائداعظم محمد علی جناحؒ کا گھر تھا جسے بے دردی سے نقصان پہنچایا گیا، وہاں قائداعظم کی تصاویر کو آگ لگائی گئی، کوئی محب وطن شخص اس قسم کی گھنائونی حرکت نہیں کر سکتا، 9 مئی کے واقعات میں جو بھی ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح ہائوس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت آکر الیکشن کرائے گی، ہمیں جب بھی حکومت کا موقع ملا ہم نے ملک میں مہنگا ئی کم کرنے کی کوشش کی،حکومت نے مشکل حالا ت میں اچھا اور متوازن بجٹ پیش کیا ۔