لاہور ہائیکورٹ، PTI ارکان قومی اسمبلی کی بحالی کا سنگل بنچ کا فیصلہ معطل

14 جون ، 2023

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے72مستعفی ارکان قومی اسمبلی کی بحالی سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا، عدالت نے 21جون تک فریقین سےتحریری جواب طلب کرلیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی معاونت کےلئے طلب کرلیا، سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے انٹراکورٹ اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر تحریک انصاف کے 123 ممبران قومی اسمبلی نے استعفیٰ دیئے،28 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ممبران کے درست استعفے منظور کرلئے، سپیکر قومی اسمبلی نے قانون کے مطابق 17 جنوری کو باقی پی ٹی آئی ممبران کے استعفے منظور کرلئے، لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے قانون کے برعکس 19 مئی کو ممبران کی بحالی کا فیصلہ دیا، عدالت سنگل بنچ کےفیصلے کو کالعدم قرار دے اور عدالتی فیصلہ آنے تک معطل کرے، استدعا ہے کہ عدالت انٹرا کورٹ اپیل منظور کرکے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے،سیکرٹری قومی اسمبلی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے سپیکر قومی اسمبلی کے وکیل کو موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا، مستعفی ہونے والے ارکان استعفوں کی منظوری کیخلاف پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرچکے تھے۔