EOBI کو 6ہفتوں میں جائیدادوں کے تنازع بارے فیصلہ کرنیکا حکم

14 جون ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) سپریم کورٹ نے ای او بی آئی کو چھ ہفتوں میں جائیدادوں کے تنازع سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے ای او بی آئی کرپشن کیس کی سماعت کی۔ وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیئے کہ دس سال گزر گئے متاثرین عدالتوں میں ہی پھنسے ہوئے ہیں ، عدالت دس سال میں بھی کوئی فیصلہ نہیں کر پائی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ دس سال کے مقابلے میں آج جائیداد کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہوں گی ، جن کے کروڑوں پھنسے ہوئے ہیں وہ بھی پاکستانی شہری ہیں ، پیسوں کے معاملے پر عدالت عدم اطمینان کا شکار رہتی ہے ، افسری کرنے کے بجائے انہیں بتائیں کہ حالات بدل گئے ہیں ، امید ہے ای او بی آئی دیانتداری کیساتھ فیصلہ کرے گا ، جن کے پیسے واپس کرنے ہیں واپس کریں ورنہ پراپرٹی ان کے حوالے کی جائیں ، مسئلے کا حل ای او بی آئی کو نکالنا ہو گا۔ اس پر ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کی چیئرپرسن نے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے سماعت اگست تک ملتوی کر دی۔