پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے پر اتفاق

14 جون ، 2023

اسلام آباد (کامرس رپورٹر‘ اپنے نامہ نگار سے) پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ اور ایک دوسرے کی کاروباری برادری کو سہولیات دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے، دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، بنیادی ڈھانچہ، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سمیت تکنیکی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس انیشیٹو جیسے منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل پر بھی زوردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور ایران کے نائب وزیر و سربراہ ادارہ برائے سرمایہ کاری، معیشت اور تکنیکی معاونت علی فاخری کی قیادت میں ایرانی وفد کے درمیان ملاقات اور بات چیت کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ میں کیا گیا۔ بات چیت میں دوطرفہ اقتصادی تعاون اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ایرانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ دیرینہ دوطرفہ اورخوشگوارتعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کامتمنی ہے۔ وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 21 ویں اجلاس میں طے پانے والے سمجھوتوں پرجلد عملدرآمد کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ ایرانی وفد کے سربراہ نے پاکستان کے ساتھ توانائی اور بنیادی ڈھانچہ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ماحول کی تائید کی اور اسے سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے مختلف منصوبوں میں شمولیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس انیشیٹو پرخصوصی توجہ دی گئی۔