شیخ رشید کی کریک ڈائون، چھاپوں، بنیادی حقوق سلب کرنے کیخلاف درخواست دائر

14 جون ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کریک ڈائون، گھروں میں آئے روز کے چھاپوں، توڑ پھوڑ، ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنانے اور بنیادی حقوق سلب کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ گزشتہ روز سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ کوہسار اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انضباطی کارروائی کرنے، مقدمات کی تفصیل عدالت میں پیش کرنے اور تب تک جملہ مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان نے جان و مال اور چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو شہریوں کا بنیادی حق قرار دیا ہے۔ پولیس اور سرکاری ایجنسیوں کو بلاجواز پکڑ دھکڑ، گھروں میں چھاپوں اور بنیادی حقوق کو سلب کرنے کا کوئی حق نہیں۔ اس وقت وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے آئین پاکستان کو عملی طور پر معطل کردیا ہے اور اپوزیشن لیڈروں، ان کے کارکنوں اور سپورٹرز کے خلاف تاریخ کا بدترین کریک ڈائون چل رہا ہے۔ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کی بھی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، رہائی کے احکامات پر عملدرآمد کرنے کے بجائے دوبارہ گرفتار کر لیا جاتا ہے اور اس وقت تک رہا نہیں کیا جاتا جب تک مرضی کی پریس کانفرنس نہ کرلی جائے۔ رٹ پٹیشن میں مزید کہا گیا کہ شیخ رشید کے خلاف قبل ازیں حکومت نے سیاسی بنیادوں پر چار مقدمات قائم کئے تھے جن میں سے دو مقدمات کو عدالت نے معطل کردیا تھا اور دو مقدمات میں وہ ضمانت پر ہیں۔ اس وقت کوئی مقدمہ نہ ہونے کے باوجود ان کی گرفتاری کے لئے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔