جاپان کو پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی اولین ترجیح ہے،حنا ربانی کھر

14 جون ، 2023

ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان کو پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی وزارت خارجہ کی اولین ترجیح ہے، معیاری افرادی قوت کی میرٹ پر جاپانی اداروں کو فراہمی سے نہ صرف پاکستانی ہنر مندوں کو بہترین ملازمت حاصل ہوگی بلکہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی جبکہ پاکستان کو بھاری زرمبادلہ بھی حاصل ہوسکے گا ، یہ بات وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے جاپان کو افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیر مملکت حنا ربانی کھر کی ہدایات کے بعد جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشیر تارڑ نے سفارتی ٹیم کے ذریعے جاپانی کاروباری اداروں سے رابطے تیز کردیئے ہیں جس سے بڑی تعداد میں جاپانی کاروباری ادارے پاکستانی ہنرمندوں کی ملازمت فراہم کرنے کی جانب راغب ہونا شروع ہوگئے ہیں حال ہی میں سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ کی ذاتی دلچسپی اور رابطوں کے بعد جاپان کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی پیناسانک کی ذیلی کمپنی نے بھی پاکستانی افرادی قوت منگوانے کی حامی بھرلی ہے جس کے بعد دیگر بڑی کمپنیوں سے بھی سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں جبکہ جاپان میں پاکستانی کاروباری ادارے جاپانی تنظیموں کے ساتھ ملکر پاکستانی ورک فورس جاپان منگوانے کے لئے تیز رفتاری سے کام کررہے ہیں ، اس حوالے سے سفیر پاکستان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی براہ راست نگرانی میں جاپان میں ورک فورس بھجوانے کے کئی اہم اقدامات کئے گئے ہیں جن میں پاکستان سے نجی اداروں کو جاپان کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے کے منصوبے میں شمولیت سمیت پاکستان میں جاپانی زبان سکھانے کے اداروں کے قیام کے لئے سرگرمیاں تیز کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں ، پاکستانی سفیر نے کہا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کی ہدایات کی روشنی میں گزشتہ روز اسی حوالے سے اس منصوبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز کی آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا ۔