ایمرجنگ ویمنز ٹی 20، پاکستان نے نیپال کو نو رنز سے ہرادیا

14 جون ، 2023

اسلام آ باد ( سپورٹس رپورٹر ) ہانگ کانگ میں ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں طوبٰی حسن اور سیدہ عروب شاہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستان نے نیپال کے خلاف پہلا میچ 9 رنز سے جیت لیا۔ پاکستان ٹیم آخری اوور میں87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی اننگز کے پہلے ہی اوور میں ایمان فاطمہ صفر پر آؤٹ ہوگئیں۔32 رنز پر کبیتا جوشی نے ایک ہی اوور میں صدف شمس 12 اور نتالیہ پرویز صفر کو آؤٹ کردیا ۔گل فیروزہ 11 ، ناجیہہ علوی 5 اور ام ہانی ایک رن بنا سکیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نے 16 رنز اور شوال ذوالفقار نے28 رنز اسکور کیے۔ نیپال کی طرف سے فاسٹ بولر اندو برما نے تین اوورز میں صرف 6 رنز دے کر3 شکار کیے ۔ جواب میں ناکام ٹیم 6 وکٹوں پر78 رنز بنا سکی۔ آخری اوور میں نیپال کو سترہ رنز درکار تھے لیکن کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف سات رنز دیے۔